سندھ ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف درخواست مسترد کردی

Aug 25, 2023 | 10:50 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:سندھ ہائیکورٹ نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر کی تعیناتی کےخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

تفصیلا ت کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر کی تعیناتی کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔سندھ ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کرنے کا مختصر حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں دیاجائے گا۔

درخواست گزار ابراہیم ابڑو ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ جسٹس (ر)مقبول باقر 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے، آئین کے آرٹیکل 207 کے تحت جسٹس (ر)مقبول باقرنگراں وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے۔

دوران سماعت چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیے کہ مقبول باقر سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج ہیں، وکیل احترام سے بات کریں۔درخواست گزار غلط قانون بتا رہے ہیں، وہ پاکستان سروسز رولز دیکھیں۔

بعد ازاں عدالت نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

مزیدخبریں