پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرین کے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان

Aug 25, 2022 | 10:22 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: پنجاب حکومت نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب کے وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے ہر شخص کے ورثا کو 10 لاکھ روپے، پکا مکان مکمل تباہ ہونے پر 4 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

لاہور میں وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ انتہائی زخمی شخص کو 3 لاکھ روپے، شدید زخمی کو ایک لاکھ اور معمولی زخمی افراد کو بالترتیب ایک لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج کے تحت متاثرین کو فوری ادائیگی کی جائے گی۔ جزوی پکے مکان کے نقصان پر امدادی رقم 40 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی گئی ہے جبکہ مکمل کچے اور جزوی کچے مکان کو نقصان پر بالترتیب 2 لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے۔

اس کے علاوہ  بڑے مویشی کی ہلاکت پر 50 ہزار، بھیڑ بکری کی ہلاکت پر 5 ہزار دینے کی تجویز ہے جبکہ فصلوں کے نقصان پر ساڑھے 12 ایکڑ تک فی ایکڑ 15 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سےپی ٹی آئی کے رہنما سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے اور ان کی بحالی کیلئے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان  کرتے ہیں، متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر آبیانیہ اور مالیہ معاف کر دیا ہے جبکہ پاک فوج کی ٹیمیں بھی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔

مزیدخبریں