کے پی میں سیلاب کی تباہ کاریاں،فصلیں تباہ،سیکڑوں مویشی ہلاک

Aug 25, 2022 | 09:15 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز:کے پی کے متعدد اضلاع میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے 14 ہزار 394 ایکڑ پر کھڑی 12 اقسام کی فصلوں کو نقصان پہنچا 1261 مویشی ہلاک ہو گئے۔

محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر کراپس رپورٹنگ محمد کلیم کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث کے پی میں فصلیں اور سبزیاں پانی کی نذر ہوجانے سے کسانوں کو 3 ارب 66 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق کے پی میں مکئی کی 4 ہزار 543 میٹرک ٹن فصل اور 3 ہزار ٹن سے زیادہ مختلف اقسام کی سبزیاں سیلابی ریلوں کی نذر ہوئی جبکہ سب سے زیادہ 5 ہزار 140 میٹرک ٹن کجھوربھی ضائع ہوئی ہے۔

ڈی جی محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے میں 418 بڑے مویشی اور843 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئیں، ضلع ٹانک میں 229، جنوبی وزیرستان میں 274 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھِی 240 مویشی ہلاک ہوئے۔

ڈی جی لائیو اسٹاک کے مطابق جنوبی وزیرستان ، ڈی آئی خان، ٹانک اورکرک میں مال مویشیوں کوسب سے زیادہ نقصان پہنچا۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈائریکٹر جنرل  عالمزیب خان کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کرک سمیت دیگر اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 1261 مویشی اور تین ہزار 711 مرغیاں ہلاک ہوئیں جبکہ 65 جانوروں کے شیڈز کو مکمل اور84 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

مزیدخبریں