مشتری کےچاند یوروپا میں زندگی کے آثار دریافت

Sep 24, 2023 | 19:33 PM

ایک نیوز :ہمارے نظام شمسی کے سب سے بڑے سیارے مشتری کے ایک چاند یوروپا میں زندگی کے لیے انتہائی ضروری جز کاربن موجود ہے۔

 سائنسدانوں نے انکشاف کیا کہ  جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کی مدد سے مشتری کے اس چاند کی سطح پر موجود برف پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کی موجودگی کا عندیہ ملا ہے۔ یوروپا کی برف کی سطح سے 10 میل نیچے چھپا نمکین سمندر کاربن ڈائی آکسائیڈ کی موجودگی کی ممکنہ وجہ ہے۔

 اگرچہ نتائج سے اس سوال کا جواب تو نہیں ملا کہ وہاں کسی قسم کی زندگی موجود ہے یا نہیں، مگر اس دریافت سے اس خیال کو تقویت ملی کہ یوروپا زمین سے باہر زندگی کی تلاش کے لیے اہم ترین مقام ثابت ہو سکتا ہے۔

 محققین نے بتایا کہ یہ ایک بہت بڑی پیشرفت ہے اور ہم اس پر بہت زیادہ پرجوش ہیں۔ ہم ابھی نہیں جانتے کہ یوروپا کے سمندر میں زندگی موجود ہے یا نہیں، مگر ہماری دریافت سے ان شواہد کو تقویت ملتی ہے کہ وہاں زندگی موجود ہوسکتی ہے۔

2 ہزار میل چوڑا یوروپا زمین کے چاند سے کچھ چھوٹا ہے جبکہ وہاں سطح پر درجہ حرارت منفی 140 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ جاتا ہے اور مشتری سے خارج ہونے والی ریڈی ایشن شعاعیں وہاں ٹکراتی رہتی ہیں۔

مگر اس چاند کا سمندر سطح سے کئی میل گہرائی میں موجود ہے اور وہی اسے زندگی کی تلاش کے لیے اہم مقام بناتا ہے اور وہاں زندگی کے لیے درکار اہم اجزا جیسے کاربن کی موجودگی کا عندیہ ملا ہے۔

مزیدخبریں