ایک نیوز: انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے یوسف گوٹھ میں آپریشن کے دوران 9 کروڑ روپے مالیت کا بھاری مقدار میں اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیا کا ذخیرہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کی جانب سےاسمگلنگ کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اورکراچی کےعلاقے یوسف گوٹھ میں انفورسمنٹ کلکٹریٹ نےآپریشن کے دوران 9 کروڑ روپے مالیت کا بھاری مقدار میں اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیا کا ذخیرہ برآمد کرلیا ہے۔
ترجمان انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس رپورٹ اورمکمل ریکی کے بعد کی گئی، اور آپریشن میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز نے بھی حصہ لیا، اس دوران اسمگلرزکی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ ضبط کئے گئے سامان میں 42 میٹرک ٹن خشک دودھ، 9 میٹرک ٹن وے پاؤڈر،17 میٹرک ٹن پلاسٹک دانا، 0.45 میٹرک ٹن زیرہ، 1.2 میٹرک ٹن پوست کا بیج، 15 میٹرک ٹن پلاسٹک شاپر اور 0.9 میٹرک ٹن مونوسوڈیم گلوٹامیٹ شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق ضبط شدہ سامان کی مالیت 9 کروڑروپے سے زائد بنتی ہے، اور یہ سامان 3 کنٹینر اور 11مزدہ ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا گیا، جب کہ اسمگلرز کے خلاف کسٹمزایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے بتایا کہ ستمبرکے مہینے میں مختلف چھاپوں کے دوران 1 ارب 30 کروڑروپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا گیا ہے۔