ایک نیوز: پولیس نے قومی شاہراہ پر افغانستان اسمگل ہونے والے چینی اور کھاد کے 11 ٹرک پکڑ لیے۔
تفصیلات کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر شکارپور میں نیو فوجداری تھانے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چینی اور یوریا کھاد کی بھاری کھیپ افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس حکام کے مطابق قومی شاہراہ پر چینی اور کھاد کی بھاری کھیپ پکڑی گئی ہے، 11 ٹرکوں میں لوڈ کی گئی چینی اور کھاد کی بوریاں برآمد ہوئیں، 7 ٹرکوں سے 280 ٹن چینی، اور 4 ٹرکوں سے 5 ہزار 400 یوریا کھاد کے بیگ برآمد ہوئے۔
چینی اور کھاد افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، اس کارروائی کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد چینی اور کھاد محکمہ خوراک کے گوداموں میں منتقل کی جا رہی ہے۔