ایک نیوز: صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ میں 3 سال کا بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق 3 سالہ بچے کے کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ نوابشاہ کی خاصخیلی کالونی میں پیش آیا، جاں بحق بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا 3 سالہ بچہ ابو جان کافی دیر تک نظر نہ آیا تو تلاش شروع کی جس پر معلوم ہوا کہ ابوجان کھلے گٹر میں پڑا ہوا ہے۔
بچے کے ورثا اور اہل علاقہ نے افسوسناک واقعے کے خلاف بچے کی لاش سانگھڑ روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔
احتجاج میں شامل مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچے کی کھلے گٹر میں گر کر موت میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مظاہرین نے بچے کی ہلاکت پر میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب گھوٹکی کے مینگھواڑ محلہ میں کتے کے کاٹنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا، بچے کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور مضافات میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے لہٰذا انتظامیہ نوٹس لے اور آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرے۔