ایک نیوز : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جنوبی کوریا کے صدر کی ملاقات، غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا۔
ریاض: جنوبی کوریا کے صدر سعودی عرب پہنچے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ریاض میں ہونے والی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال اور بین الاقوامی پیش رفت کے علاوہ دو طرفہ تعاون اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں شہریوں کو فوری اور بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔