ایک نیوز(فیکٹ چیک) لندن میں ایون فیلڈ کے باہر احتجاج کرنیوالے پی ٹی آئی کارکن شایان علی کیا اب نوازشریف کی واپسی کے بعد آئسکریم بوائے بن گئے؟حقیقت سامنے آ گئی۔
ایوان فیلڈ کے باہر متحرک پی ٹی آئی کارکن شایان علی کی سوشل میڈیا پرآئس کریم فروخت کرتے وائرل ویڈیو پرانی نکلی۔
مائکروبلاگنگ پلیٹ فارم پر ’شایان علی کے آئسکریم بوائے‘ بننے کا چرچا رہا البتہ یہی ویڈیو ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ اکاؤنٹ پر پانچ ہفتوں سے موجود ہے۔
کیپشن میں شایان علی نے لکھا کہ ’احتجاج کے بعد کچھ دیر کے لیے آئس کریم شاپ کے مالک نے مجھے آئس کریم سرو کرنے کی اجازت دی۔‘
شایان علی کے اس کیپشن سے واضح تھا کہ ’آئسکریم فروخت کرنے کی ملازمت‘ شروع کرنے کا تاثر درست نہیں، بلکہ انہی کی شیئر کی گئی ایک پرانی ویڈیو کو استعمال کر کے یہ تاثر دیا گیا کہ گویا انہوں نے ’آئسکریم بوائے‘ کی ملازمت اختیار کر لی ہے۔
نواز شریف کے لندن میں قیام کے دوران پاکستانی نژاد نوجوان شایان علی ایک مرتبہ پھر سوشل ٹائم لائنز پر نمایاں ہوئے ہیں۔ البتہ اس مرتبہ ان کے توجہ کا مرکز بننے کی وجہ احتجاج نہیں بلکہ ’آئسکریم بوائے بننا‘ ہے۔ عمران خان کے حامی کے طور پر معروف شایان کی ایک مختصر ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں وہ ’آئسکریم بوائے‘ بنے دکھائی دے رہے ہیں۔
شایان علی کی ویڈیو شیئر کرنے والوں نے دعوی کیا کہ ’لندن سے نواز شریف کی پاکستان واپسی کے بعد شایان نے آئسکریم فروخت کرنے کی ملازمت‘ شروع کر دی ہے۔
ویڈیو میں شایان علی کو کسی خاتون سے مخاطب ہوتے دکھایا گیا ہے۔ان سے پوچھا جاتا ہے کہ ’کیا یہ آپ کی نئی پارٹ ٹائم ملازمت ہے؟‘ جواب میں شایان کہتے ہیں کہ ’ہاں آئسکریم بوائے بن گیا ہوں میں، حقیقی آزادی کی آئسکریم چاہیے؟‘
مکالمہ آگے بڑھتا ہے تو ان سے کچھ اور بھی پوچھا جاتا ہے جس کے جواب میں وہ ’منہ میٹھا کرو‘ کی دعوت دیتے اور پھر کہتے ہیں کہ ’لا اسکول شروع کرنے کی خوشی میں‘۔ اس کے بعد وہ منہ چھپاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’صرف جو احتجاج پر آتا ہے اس کو ملتی ہے آئسکریم۔‘
شایان کی ویڈیو شیئر کرنے والے افراد میں سے کچھ نے اسے پرانگ کہا تو دیگر نے ’تعمیری مصروفیت‘ پر انہیں مبارکباد دی۔
21 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 برس تک لندن میں قیام کے بعد پاکستان واپس روانہ ہوئے تو گزشتہ عرصے میں مسلسل احتجاج کرنے والے شایان نے ’پاکستانیوں کے نام‘ خصوصی پیغام جاری کیا تھا۔
اس پیغام میں انہیں نے کہا تھا کہ ’ہم نے لندن میں نواز شریف کا سامنا یوں کیا تھا۔ اب یہ آپ لوگوں کا حوالے ہے۔ حقیقی آزادی ہماری ہو گی، جدوجہد جاری رہے گی۔‘