ایرانی شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کا انکشاف 

ایرانی شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کا انکشاف 
کیپشن: Disclosure of issuance of fake Pakistani identity cards and passports to Iranian citizens

ایک نیوز: ایرانی شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نادرا کے متعدد افسر واہلکار جعلسازی میں ملوث پائے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے ایرانی شہریوں کے جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق ایک خفیہ رپورٹ نادرا حکام کو جمع کروا دی ہے۔ سینٹ  قائمہ کمیٹی میں بھی چیئرمین نادرا کی جانب سے ادارے میں جعل سازیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ 

دوسرے ممالک کے شہریوں کو جعلی شناختی کارڈ جاری ہونے سے نادرا کے جدید سسٹم کے دعوے دھرے رہ گئے۔ کسی بھی ملک کے ڈیٹابیس میں غیر ملکی شہریوں کے اندراج کا معاملہ ملکی سیکورٹی کے لئے سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

ایرانی اور افغانی شہریوں کی بڑی تعداد جعلی شناختی کارڈز کی بدولت یورپ، امریکہ، کینیڈا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے۔ ذرائع کے مطابق معاملے میں ملوث متعدد نادرا ملازمین اور افسران کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔ نادرا کے ایک درجن ملازمین پر ایرانی شہریوں کو جعلی شناختی کارڈز جاری کرنے کا الزام ہے۔ 

انکوائری رپورٹ کے مطابق ایرانی شہریوں کوسینکڑوں جعلی کارڈ نادرا ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے نادرا بلوچستان کے مختلف سنٹرز میں پراسس ہوئے۔ 223 سے زائد ایرانیوں کے جعلی شناختی کارڈ پنجگور نادرا سنٹر سے جاری ہوئے۔ نادرا کارڈز کے بعد غیر ملکی شہریوں کی جانب سے مبینہ طور پر پاکستانی پاسپورٹ بھی حاصل کیے گئے۔