ایک نیوز: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 80 کلومیٹر دور واقع علاقے بھیرب میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 100 سے زیادہ زخمی ہیں۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت ہوا جب بھیرب ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ایک مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔ اس ٹکر سے مسافر ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ دونوں ٹرینوں میں شدید ٹکر ہونے کے بعد کہرام مچ گیا اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اطلاع ملنے کے بعد آگ بجھانے والا عملہ جائے حادثہ پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ اس ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 20 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ پر موجود چشم دید گواہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگ ٹرین کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔