سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی: امجد صابری کے قتل کا ماسٹرمائنڈ گرفتار

Oct 24, 2023 | 12:55 PM

ایک نیوز: کراچی میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے امجد صابری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ اور کالعدم لشکر جھنگوی کے خطرناک دہشتگرد حافظ قاسم رشید عرف بلال عرف گنجا کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم حافظ قاسم رشید کو پٹیل پاڑہ سے گرفتار کیا گیا، ملزم سے ہینڈ گرنیڈ، پستول اور باردوی مواد برآمد ہوا، ملزم دوران گرفتاری جیل سے ٹارگٹ کلنگ کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ 

ملزم نے قاسم کیپری اور اسحاق بوبی کے ذریعے امجد صابری ، رینجرز کے چار جوان ، دو آرمی اہلکار اور چار شیعہ افراد کو قتل کرایا، ملزم ایم پی اے رضا حیدر اور دیگر سنگین نوعیت کے دہشتگردی کے مقدمات میں جیل میں قید تھا، حافظ قاسم رشید حال ہی میں جیل سے رہا ہو کر دوبارہ دہشت گردی کا نیٹ ورک فعال کررہا تھا۔

ملزم کے ساتھیوں میں وسیم بارودی، عبداللہ، دانش ، حافظ اخلاق، پرویز ، قاری عنایت اور عبداللہ الیاس تیموری شامل ہیں۔ ملزم نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل پیر مسعود، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالرزاق عباسی سمیت قتل کی دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں