ایک نیوز: بحیرہ عرب میں بننے والا سائیکلون تیج ‘انتہائی شدید طوفان’ میں تبدیل ہوگیا ہے اور اور کراچی سے سترہ سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان مزید طاقتور ہوگیا اور سائیکلون تیج انتہائی شدید طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نےایک اور الرٹ جاری کردیا ، طوفان گوادر سے پندرہ سوکلومیٹر اور کراچی سے سترہ سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بحیرہ عرب میں بننےوالاطوفان 12گھنٹےمیں انتہائی شدت اختیارکرگیا، طوفان کا فاصلہ عمان کے جنوب مغرب سے 270 کلومیٹر اور یمن کے شہر الغیدہ سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طوفان میں 130 سے 140 اور زیادہ سےزیادہ 160کلومیٹرفی گھنٹہ ہوائیں چل رہی ہیں ، سمندری طوفان کے اردگرد لہریں 30 فٹ بلندی سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ سمندری طوفان تیج آئندہ چندگھنٹےمیں شمال مغرب کی جانب بڑھے گا اور یمن کے ساحل الغیدہ کو عبور کرے گا، الغیدہ ساحل عبور کرتے وقت طوفان کے مرکز کی ہوائیں120 سے 130 کلومیٹر ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سمندری طوفان سے پاکستان کی کسی بھی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔