نگران وزیراعلیٰ کا پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

نگران وزیراعلیٰ کا پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کیپشن: Caretaker Chief Minister's visit to Prime CBD Punjab Quaid District Project, instructions to complete the construction work soon

ایک نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ سے والٹن روڈ تک تعمیر ہونے والی سڑک کا معائنہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور والٹن ریلوے ٹریک پر اوورہیڈ برج پراجیکٹ کے تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے پل کی سائٹ تک جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور والٹن اوورہیڈ برج پراجیکٹ کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں ںے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور کی ترقی کو نئی سمت دے گا- سینٹر پوائنٹ کو والٹن روڈ سے منسلک کرنے سے فاصلہ تین منٹ میں طے ہو گا۔ سی بی ڈی کا پورا پراجیکٹ مکمل ہونے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی- 

چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ کا انفراسٹرکچر کا کام رواں سال میں مکمل ہو جائے گا۔ پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ کے انفراسٹرکچر میں روڈ ورک، سیوریج، پانی، بجلی، اور مواصلات کا نظام  شامل ہے۔ پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ میں گرین ایریا کے لئے یکساں جگہ دی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈکی کل لمبائی 4.2 کلومیٹر  ہے اور بلیو روڈ ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈ سگنل فری کوریڈور ہوگا جس میں تین لینز  اور ایک فلائی اوور شامل ہے۔ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈکی سب بیس مکمل ہو گئی ہے۔ فلائی اوور کا پائل لوڈ ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ 

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او، این ایل سی کے حکام، ڈپٹی کمشنر، چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی، چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی بریگیڈئر (ر) منصور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔