ایک نیوز:العزیزیہ ریفرنس میں نگران پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطل کردی۔نگران حکومت نے کریمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401کے تحت سزا معطل کی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پنجاب حکومت کو سزا معطل کرنے کی درخواست کی تھی،نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت کو سزا معطل کرنے کی درخواست دی تھی۔
نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے نواز شریف کی سزا معطلی کی تصدیق کر دی ہے۔عامر میرکے مطابق نگران کابینہ نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سزا معطل کی، کرمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت نواز شریف کی سزا معطل کی گئی ہے۔ سزا معطلی کی درخواست نواز شریف کی جانب سے دی گئی تھی۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہےکہ کیس کا حتمی فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت حکومت کسی بھی مجرم کی سزامعاف کرنےکا اختیار رکھتی ہے،نواز شریف کی 2019 میں لندن روانگی سے قبل بھی سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعظم کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔