بھارت: مذہبی مدارس کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل

Oct 24, 2023 | 11:39 AM

ایک نیوز: بھارت کی ریاست اترپردیش(یوپی) کی حکومت نے مذہبی مدارس کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو تحقیقات سے یہ پتا لگانے کی کوشش کرے گی کہ مدارس کو ملنے والے عطیات دہشت گردی کی سرگرمیوں میں تو استعمال نہیں ہو رہے۔

یوپی کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے مدارس کی فنڈنگ کا جائزہ لینے کےلیے انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل موہت اگروال کی سربراہی میں ایک تین رکنی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔

ایس آئی ٹی کے دو دیگر ارکان میں محکمۂ اقلیتی فلاح و بہبود کے ڈائریکٹر جنرل جے ریبھا اور سائبر سیل کے ایس پی تروینی سنگھ بھی شامل ہیں۔ تفتیشی ٹیم اترپردیش نیپال سرحد پر واقع مدارس کی خصوصی جانچ کرے گی۔

تفتیشی ٹیم کے سربراہ موہت اگروال کے مطابق ہم اس بات کی تحقیقات کریں گے کہ غیر ملکی فنڈ کا استعمال کیسے ہو رہا ہے اور کیا وہ دیگر سرگرمیوں جیسا کہ دہشت گردی یا تبدیلیٔ مذہب کے کاموں میں بھی استعمال ہو رہا ہے یا نہیں۔ ان کے بقول، غیر ملکی عطیات حاصل کرنے والے مدارس کے اکاؤنٹس کی بھی جانچ کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش میں 25 ہزار اسلامی مدارس ہیں۔ جن میں ساڑھے 16 ہزار ’اترپردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ‘ میں رجسٹرڈ ہیں۔

حکومت کے اہل کاروں کے مطابق غیر ملکی چندے سے دہشت گردانہ سرگرمیوں اور تبدیلی مذہب کی حوصلہ افزائی کی اطلاعات ملنے کے بعد مدارس کی فنڈنگ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے ان مدارس کو نوٹس جاری کرکے ’فارن ایکسچینج ارننگ اکاؤنٹ‘ (ای ای ایف سی) کے لین دین سے متعلق تفصیلات معلوم کی جائیں گی۔

ان کے مطابق تحقیقات کے بعد غیر ملکی چندہ حاصل کرنے والے مدرسوں کی ایک فہرست بنائی جائے گی اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جائے گی کہ ان کو کن ملکوں سے چندہ ملا ہے اور ان کا استعمال کہاں کہاں ہوا ہے۔

مزیدخبریں