ایک نیوز: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیو کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا نے پولیو کے مرض کو مات دے دی ہے لیکن پاکستان اور افغانستان میں ابھی تک پولیو موجود ہے، پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی ذمہ داری ہر پاکستانی کے کندھے پر ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ والدین سے اپیل ہے کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور موذی مرض سے بچائیں، پولیو کے خلاف جنگ میں شامل ورکرز اور آرگنائزیشنز کی کاوشوں کو سلام کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی ہم آئندہ نسلوں کے لیے اس کرہ ارض سے پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں، آج کے دن اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرتے ہیں۔