توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کی ضمانت منظور

توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کی ضمانت منظور
کیپشن: توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کی ضمانت منظور

ایک نیوز:سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہو گئے، جہاں ان کی توشہ خانہ کیس میں ضمانت منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدالت آمد کے موقع پر پارٹی صدر شہباز شریف، لیگی رہنما اعظم نذیر تارڑ، مریم نواز، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق اور دیگر کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

نواز شریف کی آمد پر کارکنوں کی بڑی تعداد اور لوگوں کے ہجوم کے باعث کمرہ عدالت کا دروازہ بند کردیا گیا ۔ نواز شریف نے نشست پر کھڑے ہوکر اپنی حاضری لگوائی۔  اس موقع پر عدالت کے باہر سکیورتی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

 حاضری کے بعد عدالت نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دے دی، جس کے بعد سابق وزیراعظم اسلام آباد ہائی کورٹ روانہ ہو گئے۔ توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی پیشی  کے بعد وکلا نے دلائل دینا شروع کردیے، جس پر عدالت نے نواز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دائمہ وارنٹ گرفتاری کالعدم قرار دے دیے۔

نواز شریف کی تین درخواستوں پر سماعت کے بعد عدالت نے انہیں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں نواز شریف کی قانونی ٹیم نے 10 لاکھ روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کروا دیے۔  مچلکے طارق فضل چوہدری نے جمع کروائے۔

بعدازاں احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی، آئندہ سماعت پر نقول تقسیم کی جائیں گی۔

سیکیورٹی کے انتظامات سخت

نواز شریف کی پیشی کے حوالے سےاحتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عدالت میں صرف متعلقہ وکلاء اور صحافیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی،خصوصی سیکیورٹی میں تین سپیشل پولیس وینز بھی شامل کر لی گئی ہیں۔

اے ٹی ایس اہلکاروں کا سپیشل دستہ بھی نواز شریف کے سکواڈ کے ساتھ تیعنات کیا جائے گا،اسلام آباد پولیس کا خصوصی سکواڈ نواز شریف کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے گا،اسلام آباد پولیس اور اے ٹی ایس سکواڈ کی ٹیم پھلگراں ٹال پلازہ پہنچ گئی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق نواز شریف کے آج پیش نہ ہونے کی صورت میں دائمی وارنٹ بحال کر دیئے جائیں گے، نواز شریف کے ساتھ توشہ خانہ کیس میں آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی بھی شریک ملزمان ہیں۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-10-24/news-1698129215-3884.mp4

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں آج سماعت کیلئے مقرر ہیں، چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی خصوصی بینچ میں شامل ہیں، عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم کی درخواستوں پر کوئی اعتراض نہیں لگایا گیا۔