ایک نیوز نیوز : اسلام آباد ہائیکورٹ نے کینیا میں قتل ہونے والے صحافی ارشد شریف کی موت کی رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کےمطابق صحافی ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر تحقیقات کے لیے دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔وکیل درخواست گزار بیرسٹر شعیب رزاق نے عدالت سے استدعا کی کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔عدالت نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے نامزد افسر کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کی ہدایت کر دی جبکہ سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری رابطہ کرنے کا حکم دیدیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کمیشن بنا کر تحقیقات کروائی جائیں کہ ارشد شریف کن حالات میں باہر گئے، سیکیورٹی ایجنسیز کو کینیا کی ایجنسیز سے رابطہ کرکے تحقیقات کا حکم دیا جائے جبکہ ارشد شریف کی میت پاکستان لانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ارشد شریف کی میت واپس لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔