ویب ڈیسک:بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ 1885 اور دیگر قوانین کے تحت مزید مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
ویڈیو بیان کے خلاف ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان ، لیہ ، گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے بعد اب بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ گکھڑ منڈی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ وزیرآباد کے شہری سعید بٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا، متنازع بیان پر بشریٰ بی بی کے خلاف کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھاکہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے توباجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے، کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کے لیے نفرت انگیز بیان دیا۔ ڈی جی خان میں مقدمہ غلام یاسین نامی شہری کی درخواست پر درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ویڈیوبیان دیا، لوگوں کو ورغلانے کے لیے نفرت انگیز بیان دیا۔
ایف بی آر متن کے مطابق انہوں نے سعودی عرب کے خلاف بیان دے کر عوام کے جذبات سے کھیلا گیا، بشریٰ بی بی نے خارجہ پالیسی اور مفادعامہ کے خلاف بیان دیا۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف دفعہ 126 ٹیلی گراف ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ملتان میں مقدمہ
ملتان میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر بشری بی بی پر مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق بشری بی بی کیخلاف تھانہ قطب پور میں غلہ منڈی کے رہائشی عمیر مقصود کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاگیا۔ متن مقدمہ کے مطابق بشری بی بی نے لوگوں کے مذہبی جذبات ابھارنے کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے خود کوبشریٰ بی بی کے بیان سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے بیان پر پی ٹی آئی کی قیادت میں تشویش ہے، بشری بی بی کوکسی بھی بیان سے پہلے پارٹی سے مشاورت کا کہہ دیا گیا تھا۔
گوجرانوالہ میں بشریٰ بی بی کےخلاف مقدمہ
گوجرانوالہ میں بھی بشریٰ بی بی کےخلاف شہری کی درخواست پرتھانہ صدرمیں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
ایف آئی آر کے مطابق بشریٰ بی بی کا بیان پاک سعودی خارجہ پالیسی کےخلاف ہے، بیان سوچی سمجھی سازش ہے جس سےعوام کےجذبات مجروح ہوئے ہیں۔
مدعی نے ایف آئی آرمیں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کےخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اوکاڑہ میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج
اوکاڑہ میں بشریٰ بی بی پرتھانہ صدر اوکاڑہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ کا اندراج شہری مقصود احمد کی مدعیت میں کیاگیا ۔