ویب ڈیسک: وفاقی وزیرپٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے،عوام کو سڑکوں پر لاکر خود بھاگ جاتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کے مسائل کا حل ترجیح ہے،حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی،سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،انتہا پسندی کے خلاف متحد ہونا ہوگا،انہیں ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا احتجاج کے بجائے صوبے پر توجہ دیں،پی ٹی آئی رہنما رضاکارانہ گرفتاریاں دے رہے ہیں، پاکستان ترقی کررہاہے اور یہ لوگ چڑھائی کرنے جارہےہیں،بیرون ممالک سے دوست آرہے ہیں اور یہ احتجاج کررہےہیں۔
پارا چنار میں اتنا بڑا واقعہ ہوا، کیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وہاں گئے؟کیا اپنے ملک میں کوئی مارو یا مرو کا احتجاج کرتاہے،احتجاج بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کیا جارہا ہے۔
احتجاج کرنے والے کہاں ہیں؟لاہور میں جو بڑے بڑے لیڈرز تھے وہ کہاں ہیں؟پنجاب کو چھوڑیں وہاں سخت حکومت ہے مگر سندھ میں پی ٹی آئی کہاں ہے؟
عوام ڈی چوک پر اور لیڈر کے پی ہاؤس میں چائے پی رہے ہیں،لوگ خود کہہ رہے ہیں ہمیں گرفتار کرلیں،پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر چکاہے ،یہ نہیں چاہتے بانی پی ٹی آئی باہر آئیں۔
کہا جارہاتھاکہ احتجاج کی قیادت بشریٰ بی بی کریں گی،پی ٹی آئی والے تو کہہ رہے تھےبشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،موروثی سیاست کی مخالفت کرنے والے آج کیا کہیں گے؟
بشریٰ بی بی جلسے کی قیادت کررہی ہیں تو پھر غیرسیاسی تو نہیں ہوئیں،یہ لوگ کہہ رہے تھے امریکا نے سازش کی،ہم تو سمجھ رہے تھے بانی پی ٹی آئی بطور کرکٹر فاسٹ باؤلر رہےہیں۔
فاسٹ گیند پر وکٹ گرے گی ورنہ چوکا لگ جائےگا،ایسا تو ہوتاہے گیند مس ہوگئی تو چوکا لگتاہے،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں،یہ لوگوں سے ہاتھ ملانے کا وقت ہے مگر آپ دھاوا بولنے آرہےہیں۔
خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف11 سال سے حکومت کررہی ہے،تحریک انصاف کے دور حکومت میں سانحہ آرمی پبلک سکول پیش آیا،پشاور پولیس لائن پر حملہ ہوا ،کئی پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران خیبرپختونخوا کے جیل توڑے گئے،آج عوام نے تحریک انصاف کی انتشاری سیاست کو مسترد کردیاہے،پاکستان میں دہشتگردی پھیلانےوالوں کو دوبارہ خیبرپختونخوا میں آباد کیاگیا۔
آپ اسلام آباد آرہے ہیں چند منٹوں کیلئےپارا چنار بھی چلے جائیں،پارا چنار میں جو کچھ ہوا ذمہ دار تحریک انصاف کی حکومت ہے۔
وفاقی حکومت نے کہا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کریں گے تو آپ مخالفت کرتےہیں،کیا وجہ ہے کہ آپ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہیں کرنے دے رہےاگر آپ آپریشن نہیں ہونے دیں گے تو پھر کیا کرنے دیں گے۔
آپ لوگوں کو وفاق سے مدد مانگنی چاہئے،وزیراعظم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔