قطر، بھارتی نیوی کے 8سابق اہلکاروں کی سزا کیخلاف اپیل منظور

Nov 24, 2023 | 22:39 PM

ویب ڈیسک:قطر نے سابق نیوی اہلکاروں کی سزائے موت کے خلاف بھارتی اپیل منظور کرلی۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ قطر کی عدالت نے بھارتی حکومت کی جانب سے نیوی کے 8 سابق اہلکاروں کی سزائے موت کے خلاف کی جانے والی اپیل کو منظور کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قطر کی عدالت نے بھارتی حکومت کی اپیل پر کہا ہےکہ اس اپیل کا جائزہ لیا جارہا ہے جس پر سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ قطر کی عدالت نے گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کو نیوی کے 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنائی تھی جس پر بھارتی وزارت خارجہ نے کسی قسم کا سخت بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم وزارت خارجہ کے حکام نے کہا تھا کہ حکومت اس حوالے سے سفارتی چینل استعمال کرتے ہوئے قانونی راستہ اختیار کرے گی۔
رپورٹس کے مطابق قطر نے گزشتہ سال اگست میں بھارتی نیوی کے 8 سابق اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، یہ تمام افراد ایک نجی کمپنی میں ملازم تھے جنہیں قطر کی انٹیلی جنس نے دوحہ سے گرفتار کیا تھا، قطری حکام کی جانب سے ان تمام افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی گئی تھیں اور عدالت نے انہیں سزائے موت کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں