پنجاب حکومت نے سرکاری سطح پرپٹرول موٹرسائیکل خریدنے پر پابندی لگا، محسن نقوی

Nov 24, 2023 | 18:29 PM

ایک نیوز:نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل بارے مایوسی پھیلانے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔ پنجاب میں سرکاری سطح پر پٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اب سرکاری سطح پر الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔

 تفصیلات کےمطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے کورس کے شرکاء سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائیں گی۔سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیک ملیں گی۔اگر میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ایک فیصد بھی کامیاب ہوگیا تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔ بلاشبہ عوام کی سہولت کے لئے بہت سے کام ہوسکتے ہیں لیکن ہم نگران سیٹ اپ ہیں۔ 

 اس موقع پر محسن نقوی کا مزید کہناتھا کہ  پاکستان نیچے نہیں بلکہ اوپر جائے گا،پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے،ہمارے پاس بہترین انسانی وسائل موجود ہیں۔پاکستان بہت جلد ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر ٹیک آف کرے گا۔مایوسی گناہ ہے ہم اگر امید رکھیں گے توہمارے بچے بھی پر امید رہیں گے۔ اگر ہم مایوس ہوگئے تو ہمارے بچے بھی مایوس ہونگے۔امید کا دامن پکڑ کر سب نے پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ان کا کہناتھا کہ 10ماہ قبل جب پنجاب میں نگران سیٹ ا پ آیا تو ہمیں بتایا گیا کہ گندم کا سرکلرڈیٹ 600ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ہم نے عزم کے ساتھ مشکل فیصلہ کیا اور یہ سرکلر ڈیٹ ختم کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہماری یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ٹیم اچھی اور کچھ کرنے کا جذبہ ہوتو مشکل کام بھی آسان ہوجاتے ہیں اور ہم نے 10ماہ میں یہ عملاً کرکے دکھایا ہے۔کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ کیااور تین ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا۔چاول کی کاشت میں 100فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر2ارب ڈالر کا اضافہ چاول کی کاشت سے ہوا۔گوجرانوالہ، فیصل آباد  اور روالپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس میں 88ارب روپے بچائے ہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹس پر 100ارب روپے خرچ ہونے تھے لیکن بہترین فیصلہ سازی کرکے ان پراجیکٹس کو ساڑھے 12ارب روپے میں بنایا جارہا ہے۔ پنجاب میں 100 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔پرانے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔ہم اپنا کام کررہے ہیں آنے والی حکومت اپنا کام کرے گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ  ایئر چیف تعلیم اور ٹیکنالوجی پر بہت توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے ان دونوں شعبوں کے لئے بے مثال کام کیا ہے۔ہم ایئر چیف کی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ہم نے امید کے ساتھ واپس گھر جانا ہے، مایوسی کے ساتھ نہیں۔کچے میں گزشتہ 10ماہ سے 95فیصد علاقے پر پنجاب پولیس کا کنٹرول ہے۔ 60ہزار ایکڑ کا علاقہ ڈاکوؤں سے واگزار کرایا گیا ہے۔سموگ سے نمٹنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کررہے ہیں۔

مزیدخبریں