عسکری ٹاور حملہ کیس:یاسمین راشد,اعجاز چوہدری سمیت 45 ملزمان عدالت میں پیش

Nov 24, 2023 | 14:37 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس  میں 73 ملزمان کے خلاف چالان عدالت پیش کیا جا چکا،عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 29 نومبرتک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کی۔

عمر سرفراز چیمہ ، خدیجہ شاہ اور فہمیدہ مرزا کی جیل سے آن لائن حاضری مکمل کی گئی،پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری ٫ ڈاکٹر یاسمین راشد ،محمود الرشید  سمیت دیگر 45 ملزمان پیش ہوئے،73 ملزمان کے خلاف چالان عدالت پیش کیا جا چکا ہے۔

 عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چالان میں نامزد ملزمان کی تعداد پوری ہونے پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کی جائیں گی،چالان کی کاپیاں تقسیم ہونے کے بعد ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی،عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس پر مزید سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ ملزمان پر عسکری ٹاور پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ تھانہ گلبرگ میں درج ہے۔

مزیدخبریں