دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کمپنی کو ریکارڈ جرمانہ

Nov 24, 2023 | 12:38 PM

ویب ڈیسک : دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی بائننس اعتراف جرم کے بعد تصفیئے کے طور پر چار ارب ڈالر کے قریب ادا کرنے پر رضامند ہوگئی ہے، جس کے بانی اور چیف ایکزیکٹو افسر یا سی ای او چانگ پینگ ژاؤ نے عدالت میں منی لانڈرنگ روکنے سے متعلق کمپنی کو استعمال ہونے سے باز رکھنے میں اپنی ناکامی کے لیے اعتراف جرم کیا۔

ژاؤکمپنی کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہو گئے اور بائننس نے بینک سیکریسی ایکٹ کی خلاف ورزیوں اور پابندیوں کے پروگراموں کی بظاہر خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا، جس میں مشکوک لین دین کے لیے رپورٹ کرنے کے پروگرام پر عمل در آمد میں ناکامی بھی شامل ہے۔

 امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا کہ قانون توڑنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال آپ کو خلل ڈالنے والا نہیں بناتا بلکہ یہ آپ کو ایک مجرم بنا دیتا ہے۔ انہوں نے اس تصفیے کو ملک کی تاریخ کے سب سے بھاری کارپوریٹ جرمانوں میں سے ایک قرار دیا۔ 

امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ تصفیے کے معاہدے کے ایک حصے کے طور پر بائننس پانچ سال نگرانی میں رہے گی۔وعدوں پر عمل درآمد کی پابند ہو گی جس میں بائننس کے امریکہ سے مکمل طور پر نکل جانے کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔

بائننس ،کیمین جزائر کی لمیٹڈ کمپنی ہے۔

کرپٹو کرنسی کی صنعت اسکینڈلوں وغیرہ کی وجہ سے بدنام رہی ہے۔

 ژاؤ کو سام بنک مین فرائیڈ کے سب سے بڑے حریف کے طور جانا جاتا ہے جو دوسری بڑی کرپٹو ایکسچینج کمپنی ایف ٹی ایکس کے بانی ہیں ۔ یہ کمپنی گزشتہ نومبر میں ختم ہو گئی تھی اور بنک مین فرائیڈ کو اس ماہ کے اوائل میں، گاہکوں اور سرمایہ کاروں سے کم از کم دس ارب ڈالر چرانے کے حوالے سے جعلسازی کے جرم میں سزا مل چکی ہے۔ 

منگل کے روز ژاؤ نے سیاٹل کی ایک وفاقی عدالت میں ، منی لانڈرنگ کے انسداد کے موثر پروگرام پر عمل در آمد میں ناکامی کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے کہا کہ بائننس نے ایک لاکھ سے زیادہ لین دین کے معاملات میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کے ذریعے کاروبار کیا۔ بچوں کے جنسی استحصال کی سرگرمیوں سے لے کر غیر قانونی منشیات اور دہشت گردی تک کی سرگرمیوں میں مدد دی۔

انہوں نے کہا کہ بائننس نے ان تمام لین دین کے معاملات میں کسی ایک کے بارے میں بھی کسی مشکوک سرگرمی کی رپورٹ نہیں دی اور کمپنی نے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ورچوئل کرنسی ٹریڈ کی اجازت دی، جس سے امریکہ کی عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی ہوئی، جن میں حماس، القسام بریگیڈ،القاعدہ اور دوسرے مجرموں پر عائد پابندیاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں