ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے محمد خان بھٹی کی تقرری کیس میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الٰہی کی محمد خان بھٹی کی تقرری کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔عدالت عالیہ نے دفتری اعتراض ختم کر کے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ دفتر نے تصدیق شدہ نقول منسلک نہ کرنے کا اعتراض عائد کیا ہے، لہٰذا اسے منسلک کر دیتے ہیں، البتہ سیاسی بنیادوں پر پرویز الٰہی کے خلاف مقدمہ قائم کیا گیا۔
موقف اپنا گیا ہے کہ پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ صوابدیدی اختیارات پر پرنسپل سیکرٹری تعینات کیا،تمام قانونی تقاضے پورے کرنے پر محمد خان بھٹی کی تقرری کی گئی،اینٹی کرپشن عدالت نے حقائق کے برعکس درخواست ضمانت مسترد کی،اینٹی کرپشن عدالت نے 20 نومبر کو درخواست ضمانت مسترد کی،عدالت درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم صادر کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں محمد خان بھٹی کی بطور پرنسپل سیکرٹری بھرتی کے کیس میں پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی۔