ایف آئی اے کی کارروائی: انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے 2 ارکان گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائی: انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے 2 ارکان گرفتار
کیپشن: FIA action: 2 gang members involved in human trafficking arrested

ایک نیوز: 35 پاکستانی شہریوں کی چین سے ہانگ کانگ اسمگلنگ کے معاملے پر بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔ 

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی چھاپہ مار ٹیم نے گینگ کے مزید 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں فواد عالم خان اور محمد ابوبکر شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان چین سے ہانگ کانگ انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھے۔ ملزم فواد عالم جعلی سپورٹنگ دستاویزات بنانے میں ملوث تھا۔ 

ایف آئی اے کے مطابق ملزم مختلف کمپنیوں کی جانب سے جاری کردہ ویزا انویٹیشن لیٹرز میں رد وبدل کرتا تھا جبکہ ملزم ابوبکر شہریوں کو چین سے ہانک گانگ بارڈر پار کرانے میں ملوث تھا۔ 

ملزم بارڈر پار کروانے کے حوالے سے ایجنٹوں کو معلومات فراہم کرتا تھا، گرفتار ملزم سرحد کے دونوں اطراف انسانی سمگلروں کے ساتھ رابطے میں تھا، ملزمان کو پہلے سے گرفتار ملزم آصف محمود کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ 

گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں، مذکورہ نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی بھی شناخت حاصل کر لی گئی ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ 

تحقیقاتی ٹیم میں سب انسپیکٹر ہادی پرستان، بلال عباسی، اے ایس آئی نعمان احمد اور ولیم شہزاد شامل تھے۔