ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر نیشنل اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف سارا ظلم نواز شریف اور ن لیگ کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے اسپتال میں طبی معائنہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے جو ماحول بنایا گیا، یہ فری اینڈ فیئر نہیں ہے۔ ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئے ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس ماحول میں اگر انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔ نواز شریف کو وزیر اعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں۔ بہتر ہے کہ انوار الحق کاکڑ کی طرح نواز شریف کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔
اسدقیصرکاطبی معائنہ
قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی سے پہلے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کا ڈی ایچ کیو اسپتال چارسدہ میں طبی معائنہ کرا دیا گیا۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اسد قیصر کے گلے اور سینے میں معمولی تکلیف ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو چارسدہ پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔
اینٹی کرپشن عدالت نے اسد قیصر کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔ ان پر گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے لیے سامان کی خریداری میں خردبرد کا الزام ہے۔