190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران کو عدالت پیش کیا جائے،تحریری حکمنامہ جاری

Nov 24, 2023 | 11:02 AM

JAWAD MALIK

ویب ڈیسک:احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 5 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔

حکم نامے کے مطابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی، نیب نے بتایا کہ علی ظفر ایڈووکیٹ نیب کی طلبی پر 23 نومبر کو نیب دفتر پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق نیب نے بتایا کہ علی ظفر ایڈووکیٹ نے متعلقہ ریکارڈ نیب کو فراہم کر دیا، نیب نے بتایا ہے کہ علی ظفر نے 24 مارچ2021ء کے معاہدے کا ریکارڈ بھی نیب کو دے دیا ہے۔

احتساب عدالت کی طرف سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق نیب حکام نے کہا ہے کہ قومی خزانے کو منتقل ہونے والی رقم سے متعلق تفتیش کرنی ہے، تفتیش مکمل کر کے کیس کو حتمی نتیجے تک پہنچانے کے لیے مزید ریمانڈ چاہیے۔

 عدالتی حکم نامے کے مطابق وکلائے صفائی نے مزید ریمانڈ کی مخالفت کی اور دو لیٹر پیش کیے، ایک لیٹر 6 نومبر 2019ء کا مشرق بینک سے متعلق ہے، وکلاء نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا رقم منتقلی سے کوئی سروکار نہیں۔

احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق وکلاء نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا 240 کنال اراضی منتقلی سے بھی کوئی سروکار نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے دو کینسر اسپتال بنوائے تیسرا کراچی میں بن رہا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب حکام نے کہا کہ علی ظفر کے دیے گئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے ریمانڈ ضروری ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت 10 کے بجائے 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتی ہے۔

احتساب عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 27 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

مزیدخبریں