ایک نیوز: پاکستان انٹرنیشنل اسکول آف دمشق نے فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے تقریب کا انعقاد کیا۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول آف دمشق (پی آئی ایس او ڈی) شام میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ انتظام کام کر رہا ہے۔
تقریب میں فلسطین، پاکستان اور وینزویلا کے سفیروں اور شام کے ڈپٹی وزیرِ تعلیم نے دیگر معزز شخصیات کے ساتھ شرکت کی۔ طلباء، اساتذہ اور دیگر شرکاء نے غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے فلسطینی عوام اور بچوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
طلباء نے اپنی تقاریر کے ذریعے فلسطینوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شرکاء نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے یہ استدعا کی کہ علاقائی حدود کے بجائے انسانی جانوں کے تحفظ پر توجہ دیں۔
طلباء نے فلسطینیوں پر جاری تشدد کی پر زور مذمت کی اور اسے 'انسانیت کی نسل کشی' قرار دیتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اس تقریب کا مقصد غزہ میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف عالمی برادی کی توجہ دلانا تھا۔ اپنی آواز کو یکجا کرتے ہوئے، طلباء نے پرجوش انداز میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ سیاست پر انسانیت کو ترجیع دے۔