اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن 

Nov 24, 2023 | 09:15 AM

ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 9 کارروائیوں میں 1 ٹن 364 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ 

باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 593 گرام آئس برآمد کی گئی ہے۔ ملزم پرواز نمبر QR-601 کے ذریعے قطر کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ 

لاہور میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ کیلئے بُک کئے گئے پارسل سے 792 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 36 کلو افیون اور 28 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی۔ دورانِ کارروائی 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ 

سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ٹرک سے 18 کلو افیون اور 12 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 4 کلو 800 گرام چرس اور 1 کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

وہاڑی چوک ملتان کے قریب ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں مسافر بس میں سوار ملزم سے 970 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ 

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کوئٹہ سے بھیجے گئے پارسل سے 7 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ پشین کے علاقے کلی پانی کئی سے 520 کلو افیون 80 کلو ہیروئن اور 650 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ 

برآمدشدہ منشیات اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی تھیں۔ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں