ایک نیوز نیوز: آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے ایس سی) کی تعیناتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ آ چکا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار، آرمی چیف مقرر ہونے پر جنرل عاصم منیر کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
تحریک انصاف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 8 ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی، 8 ماہ میں جو اقدامات کیے گئے ان سے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچا، پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہیدکردیے گئے۔
تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ آئینی حقوق کی بحالی میں کردار ادا کرے گی، فوج کی نئی قیادت سے توقع ہے کہ وہ جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرےگی۔