ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف سے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی۔
ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سپہ سالار کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اس سے قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد اور نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے ایوان صدر میں صدرمملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران ملکی سکیورٹی امور سمیت امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فوجی قیادت کی تقرری کے معاملے پر فیصلہ میرٹ پر کیا گیا۔ سنیارٹی کے اصول پر فیصلہ ادارے کی مضبوطی اور استحکام کا باعث بنے گا۔ سنیارٹی کا اصول اداروں کو مضبوط بناتا ہے۔ معاشی مضبوطی کے لیے قومی مذاکرے کی تجویز پر قائم ہوں۔ معیشت مضبوط ہو گی۔ ملک میں انتشار اور افراتفری کی کوئی گنجائش نہیں۔
یاد رہے کہ سبکدوش ہونے والے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دراصل 2019 میں ریٹائر ہونا تھا تاہم ان کی ریٹائرمنٹ سے تین ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے اگست 2019 میں ان کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کردی تھی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے مبارکباد:
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
چیئرمین سینٹ کا کہنا ہے کہ ’نئے آرمی چیف کے پاس وسیع تجربہ اور اہلیت ہے۔ نئے آرمی چیف کا تجربہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہو گا۔ ملک میں امن کے قیام اور اسے دہشت گردی سے پاک ملک بنانے کے لیے ہمیشہ پاک فوج نے اہم کردار ادا کیا۔ پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے تمام تر مشکلات کے باوجود ثابت قدمی اور قومی جذبے سے وطن عزیز کی حفاظت میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبارکباد:
ا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات ہونے پر مبارکباد دی۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعیناتی اور لیفٹنینٹ جنرل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی سٹاف تعیناتی متعین کردہ طریقہ کار اور میرٹ کے تحت اتفاق رائے سے عمل میں لانے پر حکومت بھی مبارک باد کی مستحق ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر کا شمار پاکستان آرمی کے انتہائی قابل اور باصلاحیت جرنیلوں میں ہوتا ہے۔وہ پاکستان آرمی کے انتہائی اہم کلیدی عہدوں پر فرائص سر انجا دے چکے ہیں۔
اسپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاک آرمی کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، اس کی قیادت کسی اعزاز سے کم نہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک آرمی پہلے سے زیادہ مضبوط اور فعال ادارہ بن کر ابھرے گی ۔