ایک نیوز نیوز: پاکستان کسٹمز نے جناح ٹرمینل ارائیول پر کارروائی کے دوران ایک کروڑ مالیت کی اشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ نے خفیہ اطلاع پر جناح ٹرمینل ارائیول پر کارروائی کے دوران قیمتی موبائل فونز، موبائل ٹیبلٹس، ایپل برانڈ کی اسمارٹ گھڑیاں، اسمارٹ ریسٹ بینڈز اور فوڈ اسٹف اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسمگل کی جانے والی مذکورہ اشیا کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ ان اشیا کی قانونی طور پر درآمدات کی صورت میں کسٹمز ڈیوٹی دیگر ٹیکسوں کی مد میں 52لاکھ روپے کی محصولات عائد ہوتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ سامان شارجہ سے ایئرعربیہ کی پرواز G9542 کے ذریعے آنے والے 2 مسافروں سے برآمد ہوا ہے جنھوں نے انتہائی مہارت کے ساتھ اپنے سوٹ کیسوں کے خفیہ خانوں میں ان اشیا کو چھپایا ہوا تھا۔
مسافروں معیز علی اور کاشف بٹ کے سوٹ کیسوں کی باقاعدہ اسکیننگ کی گئی سوٹ کیسوں میں الیکٹرانک مصنوعات کی نشاندہی ہوئی کسٹمز حکام نے بتایا کہ 2 پاکستانی مسافروں کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔