شہدائے وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی

May 24, 2023 | 22:23 PM

ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا  کہنا ہے کہ شہدائے وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا یوم تکریم شہداء کے پیغام میں کہنا تھا کہ یوم تکریم شہداء قومی جوش و خروش اورملی جذبے سے منایا جائے گا۔اپنے شہداء اور ان کی فیملیز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔صوبائی وزراء اور حکام شہداء کی یادگاروں پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔شہدائے وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔قوم کے شہید ہیروز اوران کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں پر نقش ہیں۔ وطن کی مٹی شہداء کے قیمتی خون کی مقروض ہے -آج ہم اس لئے محفوظ ہیں کیونکہ شہداء نے اپنی جانیں دی ہیں۔ شہداء نے اس آزادی کی حفاظت کی ہے جسے ہمارے اسلاف نے قائداعظمؒ کی زیر قیادت جدوجہد کے بعد حاصل کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو دہشت گردوں کی جانب سے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرکے بھیانک فعل کا ارتکاب کیا گیا۔شہدائے وطن کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا۔شہداء کے عظیم خاندانوں سمیت پوری قوم نے ان واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہیں گے۔  مہذب قومیں اپنے شہداء کوعزت وتکریم سے یاد رکھتی ہیں۔قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی تکریم کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ 

مزیدخبریں