حساس تنصیبات پر حملہ،منصوبہ زمان پارک میں تیار ہوا، جیوفینسنگ رپورٹ

May 24, 2023 | 17:04 PM

ایک نیوز : ٹیکنیکل تجزیےاورجیوفینسنگ میں انکشاف ہوا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری سے قبل حساس تنصیبات پر حملے کا منصوبہ 8 مئی کو زمان پارک میں تیار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو جناح ہاوس پر حملے کی تحقیقات میں مزید اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اور انکشاف ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری سے قبل حساس تنصیبات پر حملے کا منصوبہ 8 مئی کو زمان پارک میں ہی تیار کیا گیا تھا۔

ٹیکنیکل تجزیے اور جیوفینسنگ سے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے رابطوں سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، اور پی ٹی آئی قیادت کی چھ اہم شخصیات کے روابط کا ریکارڈ مل گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری سے قبل ہی گرفتاری کے خدشات پر ردعمل تیار کیا گیا۔

جیوفینسنگ ریکارڈ کے مطابق 8 مئی زمان پارک اور 9 مئی جناح ہاؤس بلوے میں 154 موبائل نمبرز مشترک پائے گئے، اس دوران یاسمین راشد، حماد اظہر، محمود الرشید ، اعجاز چوہدری کے بلوایوں سے رابطے تھے، جب کہ اسلم اقبال اور مراد راس بھی بلوائیوں سے مسلسل رابطے میں رہے۔

ریکارڈ کے مطابق 215 کالرز 9 مئی کو 6 رہنماؤں کے ساتھ رابطوں میں رہے، ان میں سے یاسمین راشد کا رابطہ بذریعہ کالز41 بار ہوا، حماد اظہر کے موبائل نمبر سے 10 کالز شرپسندوں کو کی گئیں، اور محمود الرشید 75 بار موبائل رابطوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔

جیو فینسنگ ریکارڈ کے مطابق اعجازچوہدری کی جانب سے کی جانے والی اور موصول ہونے والی 50 کالز ریکارڈ میں آئیں، سابق وزیر اسلم اقبال کی 16 کالز اور مراد راس نے 23 کالز جناح ہاؤس میں موجود شرپسندوں کو کیں۔

مزیدخبریں