ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کو بڑا دھچکا۔ ایک اور اہم رہنما کو سٹاپ لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف منڈی بہاؤالدین کے رہنما فیصل مختار گوندل کو سٹاپ لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے تاحال گرفتاری سے بچنے والے رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے وزارت داخلہ کو باقاعدہ درخواست دے دی گئی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے راجہ خرم نواز، اخلاق اعوان اور علی اعوان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے ملک حسنین اور ملک عامر علی کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پولیس نے مؤقف اپنایا ہے کہ خدشہ ہے کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔ ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائے تاکہ ملزمان کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکا جاسکے۔ ملزمان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کھنہ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔