مسلم لیگ ن 'یوم تکریم شہداء' اور یوم تکبیر بھرپور طریقے سے منائے گی

May 24, 2023 | 15:58 PM

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کل 'یوم تکریم شہداء پاکستان' اور 28 مئی کو یوم تکبیر بھرپور طریقے سے منائے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے کل جمعرات کو یوم تکریم شہدا پاکستان اور 28 مئی کو یوم تکبیر بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔  پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں یوم تکریم شہدا کو انتہائی جوش و خروش و ملی جذبے سے منایا جائے گا۔ اسی طرح 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم تکریم شہدا کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن لاہور نے بھی شہر کے ہر حلقے میں تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر کی زیرصدارت پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق اراکین پنجاب اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں خواجہ عمران نذیر، بلال یاسین، میاں حافظ نعمان، خواجہ سلمان رفیق اور سمیع اللہ خان نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں کل یوم تکریم شہدا کے موقع پر شاہدرہ میں  تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام حلقوں میں پاک افواج کے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور تقاریب کا انعقاد کیا جائے۔ ہر حلقے میں پاک افواج کے شہدا کی تصاویر والے بینرز، پوسٹرز اور فلیکسز لگائے جائیں۔

اپنے خطاب میں انہوں ںے کہا کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں، ذمہ داروں کو ہر صورت میں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ پاک افواج کے شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ پاک افواج کے جوان سرحدوں پر جاگتے ہیں تو قوم سکون کی نیند سو پاتی ہے۔ 

پارٹی ذرائع کے مطابق یوم تکبیر کے حوالے سے لبرٹی چوک پر ہونے والی تقریب کے حوالے سے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ لبرٹی چوک پر ہونے والی تقریب کے لئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں۔ 28 مئی کی تقریب سے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز خطاب کریں گی۔

مزیدخبریں