ایک نیوز: پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کرپشن کا اصل ماسٹر مائنڈ فیض حمید ہے۔ یہ تو ایک چھوٹا سا کیس ہے۔ ابھی اور بھیانک جرائم منظرعام پر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل ووڈا نے نیب پنڈی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ یہ نیب کا کیس بنے گا۔ فواد چودھری اور شیریں مزاری نے بھی میرا ساتھ دیا۔ میں اپنی تمام باتوں پر قائم ہوں۔
انہوں ںے الزام عائد کیا کہ کرپشن کے کھیل میں زیادہ فائدہ سابق ڈی جی فیض حمید نے اٹھایا۔ میں ان کی دیگر جرائم کی داستان کے علاوہ کرپشن پر کہہ رہا ہوں۔ یہ بہت چھوٹا سا کیس ہے۔ ابھی آپ کو بھیانک جرائم ملیں گے۔ اس کرپشن کا سب سے بڑا فائدہ فیض حمید نے اٹھایا۔ فیض حمید کی پاکستان اور بیرون جائیدادوں کا بھی بتاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا ادھر کھڑے ہونا جہاں کوئی نہ ہو۔ لیکن وہ یہ بات بھول گئے لیکن ہم نے ان کے الفاظ یاد رکھے ہوئے ہیں۔ میں نے تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔ میری خبر بنانے والے آج خبر بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراو کی سیاست کو روکنا چاہتا تھا۔ میں نہ کسی کے باپ کا کھاتا ہوں نہ ہی کسی کے کہنے پر چلتا ہوں۔ شہزاد اکبر نے ہمیں بریف نہیں کیا۔ میں نے خان صاحب کو کہا تھا یہ شخص سلطانی گواہ بنے گا اور بھاگ جائے گا۔ شہزاد اکبر کو فیض حمید نے بھگایا تھا۔