ایک نیوز: لاہور ہائی کورٹ نے جناح ہاؤس پر حملے کی ملزمہ خدیجہ شاہ اور ان کے دیگر فیملی ممبران کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی فیملی کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر جسٹس انوار الحق پنوں نے سماعت کی۔ درخواست گزار سلمان شاہ کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور خواجہ طارق رحیم پیش ہوئے۔
سلمان شاہ کے وکلا نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ انہیں اور ان کے پانچ بچوں کو بے جا سیاسی مقدمات میں الجھایا جارہا ہے، عدالت درخواست گزار اور فیملی ممبرز کو ہراساں کرنے سے روکنے اور درج نامعلوم مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
درخواست گزار کے وکلا نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ درخواست گزار کی بیٹی خدیجہ شاہ نے اپنی گرفتاری دے دی ہے، ان کیخلاف درج ایف آئی آرز کی تفصیلات مہیا کی جائیں۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جب ملزمہ نے خود کو قانون کے حوالے کردیا ہے تو مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا رکاوٹ ہے؟ تفصیلات مہیا کی جائیں تا کہ وہ اپنے لئے قانونی چارہ جوئی کر سکیں۔عدالت نے درخواست گزار سلمان شاہ کی فیملی ممبران کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔