مشال خان کی بہن نے گریجویشن ڈگری بھائی کے نام کر دی

May 24, 2023 | 12:21 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: مشال خان کہ بہن نے بفیلو میں نیویارک کی اسٹیٹ یونیورسٹی میں گریجویشن کر لیا  جسے انہوں نے اپنے بھائی کے نا م کردیا۔

رپورٹ کے مطابق مشال خان کی بہن سٹوریہ خان مشال نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے بائیو میڈیکل میں اپنی گریجویشن ڈگری حاصل کر لی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ "سٹوڈنٹ انگیجمنٹ ایمبیسیڈرز انٹرنشپ" اور "پیئر مینٹرشپ"  بھی مکمل کر لی ہے۔

مشال خان کی بہن سٹوریہ خان مشال نے لکھ کہ میں اپنی ڈگری " مشال خان" شہید کے نام کرتی ہوں۔

یاد رہے کہ مشال خان مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کے طالبعلم تھے جنھیں سال 2017 میں مشتعل ہجوم نے انتہائی تشدد کے بعد ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مشال خان کے قتل میں 61 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا جن میں سے 57 ملزمان کو گرفتار کرکے سماعت شروع کی گئی تھی جن میں زیادہ تر عبدالولی خان یونیورسٹی کے طلبہ اور یونیورسٹی کے ملازمین شامل تھے۔
مشال خان پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ توہین مذہب کے مرتکب ہوئے لیکن اس بارے میں قائم تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے تھے۔پولیس کی جانب سے مشال خان قتل کیس میں گرفتار 57 ملزمان میں سے عدالت نے مرکزی ملزم عمران کو سزائے موت، پانچ کو 25 سال قید جبکہ 25 ملزمان کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ باقی 26 ملزمان کو بری کر دیا گیا تھا۔چار سال قید کی سزا پانے والے ملزمان کو پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

مزیدخبریں