لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی مائرہ قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جدون نے پولیس کے سامنے قتل کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز ظاہر کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ عدالت سے ضمانت کروا کر شامل تفتیش ہونے کے لیے پیش ہوا، پولیس افسران رات گئے تک ملزم سے تفتیش کرتے رہے اور آخر کار ملزم ظاہر جدون نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے سی آئی اے کے سامنے اعتراف جرم تو کر لیا لیکن آلہ قتل برآمد نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے بیان میں کہا ہے کہ اس کی مائرہ کے ساتھ تین سال سے دوستی تھی اور مائرہ کا کچھ عرصے سے اپنی فیملی کے ساتھ رابطہ نہیں تھا۔ملزم کے مطابق مائرہ لاہور میں اپنے والدین کو بغیر بتائے رہ رہی تھی اور مقتولہ اس کو بلیک میل کرتی تھی جس کی وجہ سے وہ اس سے تنگ تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے پولیس کے سامنے تو اعتراف کر لیا ہے لیکن عدالت کے رو برو بھی اعتراف کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستانی نژاد مائرہ ذوالفقار کو تین مئی 2021 کو لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس (فیز 5) میں اس گے گھر میں نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔وہ اس گھر میں گذشتہ چند ماہ سے اپنی ایک خاتون دوست کے ہمراہ مقیم تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق مائرہ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ لاہور میں پولیس نے اس قتل کے الزام میں دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کیس میں نامزد دو ملزمان ضمانت قبل از گرفتاری پر ہیں۔