ایک نیوز:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کاکہنا ہے کہ فلسطین میں جاری مظالم پر بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی جمہوریت اور عالمی انصاف کے منہ پر تمانچہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا 148ویں بین الپارلیمانی یونین سے تاریخی خطاب میں کہنا تھاکہماہ رمضان میں بے بس فلسطینی بچوں، خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور نہتے افراد پر اسرائیلی بربریت اور انسانیت سوز مظالم دنیا کی خود ساختہ مہذب اقوام کی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ طاقت کا بے دریغ استعمال غزا سے لے کر کشمیر کی وادیوں تک عالمی اداروں کی ناک کے نیچے جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی ہے۔پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، بھلے یہ دہشتگردی انفرادی ہو یا ریاستی۔حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل اور بھارت دہشتگرد ریاستیں ہیں جو فلسطینیوں اور کشمیر کے مظلوم عوام پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں۔
سردار ایازصادق کاکہنا ہے کہ غزہ کے حالیہ واقعات کلی طور پر نسل کشی اور جنگی جرائم کے ضمرے میں آتے ہیں۔کشمیر میں شہریت کے حقوق سے محروم کیے جانے سے لے کر، خواتین کی بے حرمتی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے تک دہلی سرکار کی فسطائیت دنیا کے سامنے ہے۔مسلم دنیا کو ادراک کرنا ہو گا کہ مسلمانوں کی نسل کشی میں نتھن یاھو اور مودی سرکار کا باقائدہ گٹھ جوڑ ہے۔
سپیکر کاکہنا تھاکہ پارلیمان عوام کی حقیقی آواز ہیں۔ مغربی حکومتیں اگرچہ اپنے عوام کے جذبات کے بر خلاف اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں لیکن پارلیمان کو اپنے عوام کی آواز بننا چاہئے۔پارلیمانی سفارتکاری سے دنیا میں امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔