ایک نیوز :پتنگ بازی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت ایکشن لیتے ہوئے دھاتی تار بنانے ، بیچنے اور خریدنے کیخلاف کریک ڈاون کا حکم دیدیا۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلا س ہوا، اجلاس میں امن وامان کی عمومی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی،پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ،وزیراعلیٰ نے کرائم پر ڈیلی اپ ڈیٹ رپورٹ طلب کرلی۔
مریم نواز نے اسلحہ کی سرعام نمائش روکنے کے لئے قانون پر عمل درآمد کےلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائیں ۔بڑے منشیات فروشوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ کیس بنائے جائیں۔تعلیمی اداروں میں منشیات کی آن لائن ترسیل روکنے کا قانونی میکنزم وضع کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کہیں نو گو ایریا بنانے کے اجازت نہیں دینگے ،قانون کی عمل داری یقینی بنائیں گے ۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پتنگ بازی کے پے درپے واقعات پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ پتنگ کے تار سےجاں بحق ہونے والے بچے کی وڈیو دیکھ کر دل کانپ گیا،معصوم بچے کی جان جانے سے والدین کی دنیا تباہ ہو گئی۔پتنگ بازی کے سدباب کے لئے قانون موجود ہیں مگر پھر بھی لوگ جان سے جارہے ہیں۔قانو ن پر عمل درآمد کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ کیس رجسٹر کرنا کافی نہیں، ملزم کو سزا ہونی چاہئے ۔زیادتی کے واقعات میں کمی آنی چاہیے ،اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں ۔ریپ کے کیس میں ملزم کو سزا دیکر نشان عبرت بنا یا جائے۔