کراچی پولیس شہریوں کے اغوا میں ملوث نکلی

Mar 24, 2023 | 16:33 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کراچی نے نارتھ ناظم آباد تھانے پر چھاپہ مار کر تین مغویوں کو بازیاب کروا کر دو برطرف پولیس اہلکاروں سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق کراچی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کی نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر چھاپہ مار کر وہاں قید تین مغویوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔  اینٹی وائلنٹ سیل حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں برطرف پولیس اہلکار محبوب ، آصف انکے ساتھی مختار، اسد، ریاض اور کاشف شامل ہیں۔

ملزمان نے قائد آباد کے رہائشی تین افراد عصمت ، شعیب اور سلیم کو 22 مارچ کو اغوا کیا تھا۔ مغویوں کو سستا کالا بچھو دینے کے بہانے بلوایا گیا تھا اور پھر اغوا کر کے تھانے کی چھت پر قائم کمرے میں قید رکھا گیا تھا۔  ملزمان نے مغویوں کے اہل خانہ سے رہائی کے عوض 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا اور پانچ لاکھ روپے میں معاملات طے ہوئے تھے۔ مغویوں کے اہل خانہ چار لاکھ روپے تاوان کی رقم ادا کر چکے تھے جو چھاپہ مار کارروائی میں برآمد کر لی گئی ہے۔

ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ ایس ایس پی ضلع وسطی معروف عثمان نے تھانے سے مغویوں کو بازیابی پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد سب انسپکٹر معید کو فوری طور پر معطل کر کے عہدے میں تنزلی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

مزیدخبریں