ایک نیوز: رمضان المبارک کےبابرکت مہینے میں بھی ملک میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، ادارہ شماریات نے ہفتہ وارکی بنیاد پرمہنگائی میں 1.8 فیصد اضافے کی رپورٹ جاری کردی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پرمہنگائی 46.6 فیصد کی ریکارڈ سطح پرپہنچ گئی ہے، ادارہ شماریات نے 22 مارچ تک مہنگائی کی ہفتہ واررپورٹ جاری کردی ہے،گزشتہ ہفتے میں 26 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 12 میں کمی اور13 کی قیمتوں میں استحکام رہا،ایک ہفتے میں ٹماٹرکی قیمت میں 71.7 فیصد، آٹا 42.3 فیصد، آلو11.4 فیصد، کیلے 11 فیصد، چائے کی پتی 7.3 فیصد مہنگی ہوگئی،ایک ہفتے میں دال ماش 1.5 فیصد، تیارچائے 1.3 فیصد، گڑ1 فیصد مہنگے ہوگئے،ایک ہفتے میں مرغی 8.1 فیصد، پسی مرچ 2.3 فیصد، ایل پی جی ، لہسن ، سرسوں کا تیل دال چنا اورپیازایک فیصد سستے ہو گئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 20کلو آٹے کا تھیلا 1817 روپے سے بڑھ کر 2587 روپے کا ہو گیا،ایک ہفتے کے دوران 20کلو آٹے کا تھیلا 770 روپے مزید مہنگا ہوا، آلو کی فی کلو قیمت میں 6 روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 71 پیسے کا اضافہ ریکارڈ ہوا،دال ماش کی فی کلو قیمت 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہو گئی،اڑھائی کلو گھی کاٹن، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔