ایک نیوز: کراچی سپر ہائی وے پر ڈمپر اور مسافر کوچ میں تصادم کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی ایم نائن سپر ہائی وے پر پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ ڈمپر سے ٹکرا گئی جس میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے دو کی شناخت 40 سالہ محمد یوسف اور 35 سالہ امین کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں حقیقی بھائی تھے اور آبائی تعلق بھاولپور سے تھا۔ دونوں بھائی مکہ کوچ میں کراچی سے بھاولپور جا رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آیا۔
جاں بحق ہونے والے تیسرے شخص کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ہے،۔حادثے کے زخمیوں کو ایف ڈبلیو او ٹراما سپر ہائی وے اور جناح اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کی لاشیں ایف ڈبلیو او ٹراما سپر ہائی وے منتقل کی گئی ہیں: جاں بحق ہونے والے تیسرے نامعلوم شخص کی لاش قانونی کارروائی کے لیئے جناح اسپتال منتقل کی گئی ہے۔ دونوں بھائیوں کی لاشیں اسپتال سے ہی بھاولپور منتقل کی جائیں گی۔حادثے کا شکار ہونے والی مکہ کوچ کراچی سے بھاولپور جا رہی تھی راستے میں حادثہ ہوا تھا۔