ایک نیوز: پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کےمنتظمین نے پاکستان اور افغان میچز کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے جس میں شائقین کو پُرامن رکھنے کیلئے اضافی سکیورٹی کی تعیناتی کا بھی امکان ہے۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نسیم شاہ کے دو چھکوں کے بعد پاکستان کی افغانستان کیخلاف فتح پر تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد شارجہ اسٹیڈیم اب پاکستان اور افغانستان کے تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی میزبانی کررہا ہے۔
ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار شارجہ اسٹیڈیم میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے تماشائیوں کو الگ الگ انکلوژر میں بٹھانے کی تجویز بھی کی گئی ہے۔
شارجہ اسٹیڈیم کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ افغان تماشائیوں نے جو کیا وہ شرم ناک تھا۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں کو بھی حالات پر تشویش ہے جس کی وجیہ سے اس بار سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تماشائیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق بنایاجارہا ہے۔
شائقین کو مختلف اسٹینڈز میں بٹھانے کی تجویز پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے دی گئی تھی۔