ایک نیوز: حیدرآباد میں ٹریفک پولیس اہلکار کو کچل کر فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی ٹریفک انیل حیدر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہالہ ناکہ کے قریب پیش آیا جہاں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرکے ون وے آنے والے ٹرک کو ٹریفک پولیس اہلکار نے روکنے کی کوشش کی۔
ٹرک ڈرائیور رکنے کے بجائے ٹریفک پولیس اہلکار کو روندتا ہوا فرار ہوگیا، وہاں موجود لوگوں نے زخمی ٹریفک اے ایس آئی خان محمد کو سول اسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔
ایس پی کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور سمیر امیر خان کو گرفتار کرکے ٹرک تحویل میں لے لیا ،مزید کارروائی کی جارہی ہے۔