شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات،پولیو کے خاتمے کیلئے عزم کا اظہار 

شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات،پولیو کے خاتمے کیلئے عزم کا اظہار
کیپشن: Bill Gates met with Shehbaz Sharif, expressed determination to eradicate polio

ایک نیوز: وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔
  بل گیٹس وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے اس سال ریاض میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے اپنی ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔
 وزیر اعظم نے بل گیٹس کو معاشی استحکام کے حصول کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اہم پیش رفت، صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور پولیو کے خاتمے کی حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
 وزیر اعظم نے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی گراں قدر حمایت کو سراہا۔ 
انہوں نے کہا کہ پورے حکومتی ڈھانچے کے ایک ڈیجیٹلائزڈ ایکو سسٹم کے نتیجے میں محصولات میں اضافہ ہوگا جس سے گورننس کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور حکومت عوامی بہبود کی اسکیموں پر زیادہ خرچ کرنے کے قابل ہوگی۔ 
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن دونوں کے بہت سے اہداف ہیں جن میں صنفی فرق کو ختم کرنا، صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ، غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔ 
وزیر اعظم نے جناب گیٹس کو مؤخر الذکر شعبہ جات میں پیش رفت اور درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔ 
پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہونے پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئےوزیر اعظم نے پولیو وائرس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط اور مرکوز حکمت عملی اور پاکستان میں اس بیماری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے درکار اقدامات سے آگاہ کیا۔
 انہوں نے پولیو کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک قومی سطح پر کی جا رہی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا ۔
  بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
 انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسینیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی، جناب گیٹس نے ڈیٹا سائنس ٹولز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے اہم وسائل قرار دیا۔ 
دونوں فریقوں نے نہ صرف پولیو کے خاتمے بلکہ تمام صوبوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور تمام پاکستانیوں خصوصاً خواتین کی فلاح و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔